(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی بچوں کو گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری ،گزشتہ رات غزہ کی سرحد کے پاس سے دو فلسطینی بچے گرفتار کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے رات گئے غزہ کی سرحد کے قریب سے دو فلسطینی بچے گرفتار کر لیے۔اسرائیلی فوج نے الزام لگایا ہے کہ بچے سرحد پار کر کے اسرائیل کی حدود میں داخل ہونا چا ہ رہے تھے۔
اسرائیلی فوج نے اپنی ایک بیان میں دو فلسطینی بچوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان میں ایک بچے کی عمر 11 جب کہ دوسرے کی عمر 15 سال ہے۔اور دونوں کو غزہ سرحد کے بہت قریب سے گرفتار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے بیان میں بچوں کے پاس سے چاقو کی برآمدگی کا بھی دعوی کیا ہے۔ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ بچے اس کے ذریعے یہودی آباد کاروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
یاد رہے کہ اس قبل بھی اسرائیلی فوج متعدد فلسطینیوں کو غزہ سرحد پار کرنے کے الزام میں حراست میں لے چکی ہے جو مختلف اسرائیلی جیلوں میں قید کی زندگی گزار رہے ہیں۔