مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق سال 2018ء کے دوران عراق سے تین عرب وفود نے خفیہ طور پر تل ابیب کے دورے کیے تھے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ریاست کی وزارت خارجہ کی طرف سےجاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ برس عراق سے 3 وفود نےاسرائیل کا دورہ کیا۔ ان وفود میں مجموعی طورپر 15 افراد اسرائیل آئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق کا تیسرا وفد حال ہی میں واپس روانہ ہوا۔ ان وفود میں اہل سنت اور اہل تشیع کی سرکردہ شخصیات اور سرکردہ عراقی شخصیات شامل تھیں۔
تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا یہ وفود بغداد سے آئے تھے یا کردستان سے تھے۔ اسرائیل عراق کے صوبہ کردستان کی علیحدگی کی حمایت کرتا ہے۔
گذشتہ ہفتے عراق کی پارلیمنٹ نے وزیرخارجہ کے ایک متنازع بیان کے بعد ان سے پارلیمنٹ میں وضاحت طلب کی تھی۔ عراقی وزیر خارجہ محمد الحکمیم نے کہا کہ تھا کہ ان کی حکومت فلسطین۔ اسرائیل تنازع کےدو ریاستی حل کی حامی ہے۔
خیال رہے کہ عراق ماضی میں اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا رہا ہے مگر دو ریاستی حل کہہ کر وزیرخارجہ نے فلسطین میں اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔