(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی حکام طاقت کے نشے میں بد مست ہاتھی بن گئے۔حیفہ کے علاقے میں فلسطین گھروں کو مسمار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی حکام کی جانب سے مختلف علاقوں میں فلسطینی گھروں کی مسماری کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے بلڈوزر کے ہمراہ حیفہ کے علاقے میں ارارہ نامی گاؤں پر دھاوا بول دیا اور وہاں فلسطین مکانات مسمار کردیئے۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے شام کے وقت گاؤں پر ہلہ بولا اور تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرنے کے بعد گھروں میں موجود مقامی فلسطینیوں کو باہر نکالنے کے بعد مکانات گرانا شروع کردیئے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ جن مکانات کو مسمار کیا گیا اسرائیلی فوج کی جانب سے پہلے ہی انکی نشان دہی کر لی گئی تھی۔اور وہ ایک ہی فلسطینی شہری ابراہیم مرزوق کی ملکیت تھے۔
اس موقع پر مقامی لوگوں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے اسرائیلی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پتھر برسائے ۔جس کے جواب میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
مسمار کیے جانے والے مکانات کے مالک ابراہیم مرزوق کا کہنا تھا کہ انکو دو دن قبل ہی مکان کی مسماری کے نوٹس موصول ہوئے تھے۔
