(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی ریاست کی مکاریاں جاری،فلسطینی اتھارٹی کے محصولات اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے فلسطینی عوام کے جائز حقوق غضب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔فلسطینی عوام کے حصے کے ٹیکس کی117 ملین شیکل کی خطیر رقم جو فلسطینی اتھارٹی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جانی تھی ،اسرائیلی حکام نے جان بوجھ کر اس کو اسرائیلی الیکٹرک کارپوریشن کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیا۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکومت نے یہ متعصبانہ فیصلہ فلسطینی اتھارٹی کو سبق سکھانے کے لیے کیا ہے کیوں کہ فلسطینی اتھارٹی اس رقم کو ان فلسطینی خاندانوں کی بہبود کے لیے خرچ کرتی ہے جن کے سرپرست اسرائیلی جیلوں میں اپنے نا کردہ گناہوں کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے اسرائیل کا یہ عمل فلسطینی اتھارٹی پر مزید زمین کے حصول کے لیے دباؤ بڑھانے کا بھی ذریعہ ہے۔
یاد رہے کہ 1993 کے اوسلو معاہدے کے تحت اسرائیلی حکومت فلسطینی اتھارٹی کی جگہ خود ٹیکس وصولی کرتی ہے اور اس میں سے فلسطینی اتھارٹی کو طے شدہ حصہ دیتی ہے لیکن اکثر و بیشتر اوقات اسرائیلی انتظامیہ کسی نہ کسی بہانے اس رقم میں سے کٹوتی کرتی رہتی ہے۔