(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی ریاست کے غیر قانونی انتظامی حراست کے قانون کے خلاف بہ طور احتجاج39 دنوں سے بھوک ہڑتال جاری رکھنے والی اردنی شہری ھبہ اللبدی کی حالت تشویشناک ہوجانے کے باعث ایک بار پھر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
مقبوضہ فلسطین میں فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات رکھنےو الے ادارے کی رپورٹ کے مطابق 24 سالہ اردنی دوشیزہ ھبہ اللبدی کی حالت طویل ترین بھوک ہڑتال کے بعد ایک بار پھر تشویشناک ہوگئی ہے جس کے بعد انھیں جیل کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔
بغیر کسی جرم کے حراست میں لئے جانے والی ھبہ اللبدی کی حالت 39 دنوں سے جاری بھوک ہڑتال کے باعث انتہائی مخدوش ہوگئی ہے جبکہ صیہونی حکام کی جانب سے نا تو ان کو عدالت میں پیش کیا جارہا ہے اور نا ہی ان کا جرم بتایا جارہا ہے
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صیہونی جیل حکام کی جانب سے ھبہ اللبدی پر تشدد اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے واضح ثبوت ملے ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ صیہونی حکام فلسطینیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک رواں رکھے ہوئے ہیں ۔