(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں فلسطینیوں کی "75ویں حق واپسی مارچ” پر صیہونی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے صحافیوں ، امدادی کارکنان سمیت 75 فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق "غزہ” میں گزشتہ جمعہ کے روز 75ویں حق واپسی مارچ کے دوران صیہونی فوجیوں نے وحشیانہ طریقے سے فائرنگ کی جس میں 74 فلسطینی زخمی ہوگئے جن میں 2 امداد ی کارکنان اور صحافی بھی شامل ہیں۔ غاصب صیہونی فوجیوں نے پر امن مظاہرین پر زہریلی گیس کا بھی استعمال کیا۔
فلسطینی عوام نے اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے تیس مارچ دو ہزار اٹھارہ سے "حق واپسی مارچ” کا آغاز کیا تھا جس کے تحت ہزاروں افراد ہر جمعے کو غزہ سے ملنے والی مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں کی جانب مارچ کرتے ہیں۔اس مارچ کا مقصد امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی اورغزہ کے ظالمانہ محاصرے کے خلاف احتجاج کرنا ہے- واپسی مارچ میں اب تک 320 فلسطینی شہید اور کم سے کم 32 ہزار زخمی ہوئے جن میں سے سینکڑوں کی حالت نازک ہے۔
غاصب اسرائیل نے سن دو ہزار چھے سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ وہاں بنیادی اشیا کی ترسیل کی راہ میں شدید رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں غزہ کے فلسطینیوں کو غذائی اشیا، ادویات اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔