(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج کا فلسطینی باشندوں کے مکانات کو گرانے کے احکامات پر صیہونی فوج اور حریت پسندوں کے درمیان جھڑپیں پھوٹ پڑیں، اسرائیلی فوج کی جانب سے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کے استعمال سے درجنوں فلسطینی زخمی متعدد بے ہوش ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ کے شمالی قصبے کوبر گاوں میں علی الصبح ہلہ بولا اور فلسطینی شہریوں کو ان کے چھ مکانات خود مسمار کرنے کا حکم دیا بصورت دیگر بھاری جرمانے عائد کرنے کی دھمکیاں بھی دیں ۔
کوبر گاوں کی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ 20گاڑیوں میں درجنوں اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مکانات کے مسمار کرنے کی دھمکی دی جس میں سے بعض زیر تعمیر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گاؤں میں چھاپے اور غیر قانونی حکامات کے خلاف فلسطینی نوجوانوں اور صیہونی فوج کے درمیان پر تشدد جھڑپیں پھوٹ پڑیں ، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کا آزادانہ استعمال کیا گیا ، آنسو گیس کے شیلو ں کی زد میں آکر متعدد فلسطینی بے ہوش ہوگئے جبکہ ربڑ کی گولیوں سے درجنوں زخمی ہوگئے ۔