(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) "مقبوضہ بیت المقدس” کے قصبے "العیزریہ” میں صیہونی فوج کی چھاپہ مارکارروائیاں، 5 فلسطینیوں کو اغواء کرلیا ،صیہونی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں درجن بھر فلسطینی زخمی ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق صیہونی فوج نے "مقبوضہ بیت المقدس” کے مشرق میں واقع قصبہ "العیزریہ” میں ہفتے کی رات گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا اس دوران روایتی لوٹ مار اور توڑپھوڑ کے ساتھ مکینوں کو زدوکوب کرتے ہوئے پانچ فلسطینیوں کو اغواء کرلیا، صیہونی فوج کی جانب سے چادراور چار دیواری کے تقدس کی پامالی پر فلسطینیوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس کے جواب میں صیہونی فوج نے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کے شیل فائر کیئے ۔
"فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی” کے مطابق جھڑپوں کے دوران 15 زخمیوں کو فوری امداد فراہم کی گئی’۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج اور پولیس کی ربڑکی گولیوں سے 4 سے فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ آنسوگیس کی شیلنگ سے 11 فلسطینی دم گھنٹے بے ہوش اور زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ مشرقی بیت المقدس کے "العیزریہ” اور "ابو دیس” قصبوں میں روزانہ کی بنیاد پر جھڑپیں اورگرفتاریاں ہورہی ہیں۔
ہفتے کو اسرائیلی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں "العیسویہ” کے مقام سے ایک فلسطینی لڑکے کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی قابض فوج نے عیسویہ میں واقع اسکول سے واپسی کے دوران 16 سالہ محمد ریاض ابو الحمص کو گرفتار کرلیا۔