(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین میں دہشتگرد صیہونی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں تسلسل سے جاری، فلسطینی قصبے کو 162 ویں مرتبہ مسمار کردیا جبکہ عارضی خیمے اور سامان بھی لوٹ لیا گیا ۔
مقبوضہ فلسطین کا کوئی گوشہ اور کوئی فلسطینی باشندہ صیہونی مظالم سے محفوظ نہیں گزشتہ سات سالوں سے اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کا تواتر کے ساتھ نشانہ بننے والا "العراقیب” قصبہ ایک بار پھر مرتبہ مسمار کردیا گیا۔ فلسطینی قصبے "العراقیب” کی مسماری کا سلسلہ جولائی 2010ء کے بعد سے جاری ہے اور اب تک اسے 162 بار مسمار کیا جا چکا ہے۔ گذشتہ روز کی انہدامی کارروائی میں صہیونی فوجیوں نے "العراقیب” قصبے کے باشندوں کے عارضی خیمے بھی اکھاڑ پھینکے اور خیموں میں موجود دیگر سامان بھی لوٹ لیا۔
"العراقیب” قصبے کی تازہ مسماری کی کارروائی گزشتہ روز کی گئی، عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج، پولیس اور اسپیشل فورسز کے سیکڑوں اہلکاروں نے بھاری میشنری اور بلڈوزروں کی مدد سے شہریوں کے مکانات کی مسماری شروع کی ور سیکڑوں فلسطینیوں کو ایک مرتبہ پھر سخت موسم کے باوجود ان کی کچی جھونپڑیوں سے بھی محروم کردیا گیا۔
خیال رہے کہ اسرائیل جنوبی فلسطین کے ان عرب دیہاتوں کے باشندوں کو صدیوں سے وہاں قیام پذیر ہونے کے باوجود غیرریاستی باشندے قرار دے کروہاں سے نکالنا اوران کی املاک پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔