(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے رہائشی ایک اور فلسطینی کے گھر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کردیا ،سخت موسم میں گھر کے مکین خواتین اور بچے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور۔
بیت لحم میں دیوار فاصل اور یہودی آباد کاری کے خلاف قائم کردہ کمیٹی کے ڈائریکٹر حسن بریجیہ نے ایک بیان میں بتایا کہ قابض صیہونی فوج نے مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں البادیہ کے قصبے الفردیس میں فلسطینی شہری حازم ھاشم ابو محیمید کے مکان کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کردیا جس کے نتیجے میں مکان میں موجود تمام شہری افراد جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں کھلے آسمان تلے آگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے حازم ھاشم ابو محیمید کو مکان کے غیر قانونی ہونے کا نوٹس دیا اور چند ہی گھنٹوں میں اس کے پورے گھر کو مسمار کردیا، قابض فوج نے پہلے گھر میں قیمتی سامان کی لوٹ مار کی اور پھر سامان سمیت گھر کو مسمار کردیا ۔