(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی فوج کی بلا جواز گرفتاریوں اور چھاپوں کے خلاف حریت پسندوں کی صیہونی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
گزشتہ روز صیہونی فوج نے مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے شمالی علاقے الرام میں چھاپہ مارکارروئی کی اور متعدد فلسطینیوں کو بلا جواز گرفتار کیا جس کے بعد قابض فوج اور فلسطینی حریت پسندوں کے درمیان تصادم ہوا۔
فلسطینی شہریوں کی طرف سے قابض فوج پر پتھراؤ کیا گیا جس پر صیہونی فوج نے فلسطینیوں پر صوتی بموں، گیس کے گولوں کے استعمال کے ساتھ براہ راست فائرنگ کی جس کےنتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج مغربی کنارے اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کی گھر گھر تلاشی کے نام پر لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کے دوران خواتین اور بچوں سمیت نہتے فلسطینیوں کو بلا جواز گرفتار کرکے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بناتی ہے ۔