مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی حکومت کے داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی کو دوبارہ قبضے میں لینے منصوبہ تیار کیا ہے۔ یہ منصوبہ کابینہ کے سامنے بھی پیش کیا گیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیر گیلاد اردان نے فوجی ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگرہم اسرائیل کی جنوبی سرحد پر امن دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں غزہ پر قبضے کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔
فلسطینی مبصرین کا کہنا ہے کہ غزہ کو قبضے میں لینے کا اسرائیلی پلان دراصل انتخابی پروپیگنڈا اورانتہا پسند یہودیوں کو اعتماد میں لینے کی مذموم کوشش ہے۔ خاص طور پر ایک ایسے وقت میں جب اسرائیلی فوج کو غزہ کے محاذ پر سخت ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اسرائیلی وزیر نے خبردار کیا کہ غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے اسرائیلی فوج کی وضع کردہ معنوی حدودسے تجاوز کیا ہے۔ اگر حماس اپنی پالیسی پر عمل جاری رکھتی ہے تو اسرائیل کو حماس کی قیادت پرقاتلانہ حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنا ہوگا۔
فلسطینی تجزیہ نگار عماد ابو عواد نے کہا کہ موجودہ حالات میں اسرائیل کا غزہ کی پٹی پر کوئی بڑا حملہ خارج از امکان ہے۔