(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکا کی جانب سے پیش کردہ نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل کے اعلان کے بعد سے شرپسند صیہونی آبادکاروں کے فلسطینیو ں کی آبادیوں اور املاک پر حملوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے ضلع الخلیل میں یطا قصبے میں صہیونی آبادکاروں کے ایک مسلح گروہ نے صیہونی فوج کی سرپرستی میں فلسطینی آبادی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم سےکم 3 فلسطینی زخمی ہوگئے جبکہ متعدد گھروں اور گاڑیوں کے شیشے توڑدیئے گئے ۔
واضح رہے کہ یطا کی زمینوں پر 1981 میں زبردستی تعمیر یونے والی غیر قانونی صہیونی آبادکار بستی معون سے تعلق رکھنے والے صہیونی آبادکار روزانہ کی بنیاد پر فلسطینی باشندوں پر حملے کرتے رہتے ہیں جبکہ اسرائیلی فوجی انکے گھروں کو نشانہ بناتے اور انہیں منہدم کرکے انہیں علاقے سے نکالنے کے اقدامات کرتے رہتے ہیں۔