(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی ڈرون طیاروں نے رات گئے غزہ کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے صیہونی فوج کے ڈرون طیاروں نے گزشتہ 13 سالوں سے غیرقانونی محاصرے کا شکار شہر غزہ کے علاقے "بیت حانون” اور”بيت لاهيا” میں اسرائیلی مظالم کے خلاف پرسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک "حماس” کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تاہم حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
دوسری جانب اسرائیل فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں غزہ میں فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جمعہ کی رات غزہ کے سرحدی علاقوں سے اسرائیلی علاقے سديروت میں پانچ راکٹ فائر کئے گئے ، راکٹ کھلے میدان میں گرے جس سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ، ترجمان نے بتایا کہ ان راکٹ حملون کے ردعمل میں اسرائیلی فوج نے حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا