(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کے لیے بلند کی جانے والی آوازیں کچلنے کا سلسلہ جاری،گزشتہ رات جنین شہر میں فلسطینی صحافی کے گھر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے صحافی کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نےپیر کو رات گئے جنین کے جنوب میں واقع قصبے برقین پر دھاوا بول دیا اور وہاں کے رہائشی فلسطینی خبر رساں ادارے کے لیے کام کرنے والے صحافی محمد عتیق کے گھر میں گھس کر انکو گرفتار کرلیا۔گرفتاری کے بعد انکو نامعلوم حراستی مرکز منتقل کردیا گیا۔
محمد عتیق کے والد نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہوئے بتایا کے اسرائیلی فوجیوں نے رات دو بجے اس وقت انکے گھر پر دھاوا بولا جب وہ اور انکے اہل خانہ گہری نیند سو رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ قابض فوجی انکے گھر کی کھڑکی توڑ کر گھر میں داخل ہوئے اور چادر اور چار دیواری کا تقدس بر ی طرح پامال کیا۔
صحافی کے والد نے مزید بتاتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے تمام اہل خانہ کو ایک کمرے میں قید کردیئے اور گھر کی تلاشی کے نام پر سامان کی توڑ پھوڑ کرتے رہے۔بعد ازاں وہ محمد عتیق کو اپنے ہمراہ گرفتار کرکے لے گئے۔
یاد رہے کہ وطن نیوز کے لیے کام کرنے والے مذکورہ صحافی محمد عتیق کو رواں سال میں دوسری دفعہ اسرائیلی فوج نے گرفتار کیا ہے۔