(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی پادری نے تاریخی شہر میں غیرقانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یہودی بستیوں کی تعمیر الخلیل شہر اور اس کے باشندوں پرصہیونی ریاست کا براہ راست حملہ تصور کرتے ہیں۔
فلسطین میں رومن آرتھوڈوکس عیسائی چرچ کے پادری بشپ عطااللہ حنا نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوی تاریخی شہر الخلیل میں غیر قانوی یہودی بستیوں کی تعمیر کے اسرائیلی منصوبے کی شدید مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ الخلیل میں یہودی کالونی کا قیام شہر اور اس کے فلسطینی باسیوں پر اسرائیل کا نیا براہ راست حملہ ہے۔
عیسائی پادری نے فلسطینی دھڑوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اسرائیلی ریاست کی طرف سے فلسطینی شہر الخلیل اور دیگر شہروں میں یہودی بستیوں کے خلاف موثر اندازا میں آواز بلند کریں۔
عطااللہ حنا کا کہنا تھا کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے الخلیل شہر میں سبزی منڈی میں ایک نئی یہودی بستی بسانے کا اعلان کیا ہے۔ ہم اس اعلان کو الخلیل شہر اور اس کے باشندوں پر صہیونی ریاست کا براہ راست حملہ تصور کرتے ہیں۔