(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی فوج کے مظالم جاری ، گزشتہ سال اسرائیلی فوج نے 7 نہتے فلسطینیوں کو شہید جبکہ سیکڑوں کو گرفتارکرکے قید میں ڈالا۔
مقبوضہ فلسطین کے ادارے حلوہ انفارمیشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گذشتہ برس 2019میں صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں ریاستی جرائم میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ، صیہونی حکام کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری، مقدس مقامات کی بے حرمتی، قتل عمد اور دیگر جرائم کا ارتکاب کیا گیاجبکہ اسرائیلی فوج کی طرف سے 7 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا، سیکڑوں کو زخمی اور ہزاروں کوگرفتارکیاگیا۔
صیہونی فوج نے جن فلسطینیوں کو شہید کیا ان میں 16 سالہ ریاض محمد شماسنہ اور سماح زھیر مبارک، 18 سالہ یوسف وجیہ، 20 سالہ موسیٰ ابو میالہ، محمد سمیر عبید،14 سالہ نسیم مکافح رومی اور فارس ابو ناب شامل ہیں۔بیت المقدس کے تین فلسطینی شہداء کے جسد خاکی بھی اسرائیلی فوج کی تحویل میں ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنہ 2019ء کے دوران 34 ہزار یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی۔نئے سال کے موقع پر 6 ہزار 338 یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پردھاوا بولا، ایسٹر کے موقع پر 3658 اور اگست میں 3576 یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پراجتماعی دھاوے بولے۔جون 2019ء میں 3318 یہودی آباد کاروں نے مسجد ابراہیمی پر دھاوے بولے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔