(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عرب پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی ریاست فلسطینی قوم کے خلاف منظم انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہے، فلسطینیوں کو ان کے تمام جائز اور آئینی حقوق دلانے کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کے اپنے وعدے پورے کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔
گزشتہ روز مصر کے شہر قاہرہ میں فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی یوم یکجہتی کے موقع پر عرب پارلیمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کو حق خود اردایت دلانے کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی ذمہ داریاں پوری کرے، تاکہ فلسطینی عوام کو حق خودارادیت کے ساتھ ان کے تمام جائزحقوق ،آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اور مقبوضہ بیت المقدس کو اس ریاست کا دارالحکومت بنایا جاسکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھنا بدترین ظلم ہے، قابض اسرائیلی ریاست فلسطینی قوم کے خلاف منظم انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ فلسطینیوں کو ان کے تمام جائز اور آئینی حقوق دلانے کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کے اپنے وعدے پورے کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے، عالمی برادری کو فلسطینی قوم کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرنا ہوں گے۔
عرب پارلیمنٹ نے مقبوضہ شام کے مقبوضہ وادی گولان اور بیت المقدس پر اسرائیلی ریاست کے ناجائز تسلط کی مذمت کی اور کہا کہ تمام عرب ممالک خود مختار فلسطینی ریاست جس میں القدس کو دارالحکومت کادرجہ حاصل ہو کے قیام کا مطالبہ جاری رکھے گی۔بیان میں غرب اردن میں یہودی بستیوں کی تعمیر وتوسیع کی مذمت کرتے ہوئے یہودی کالونیوں کو فلسطینی ریاست کے وجود کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ بیان میں امریکا کے فلسطین میں یہودی بستیوں سے متعلق موقف کو مسترد کرتے ہوئے فلسطین میں یہودی آبادکاری روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد پر زور دیا گیا۔