(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اقوام متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں 2300 گھروں کی تعمیرپر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہودی آباد کاری کے خلاف موثراورٹھوس اقدامات بہت ضروری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کےانسانی حقوق امور کے ماہر لیلانی فرحہ اور اسرائیلی امور کے تجزیہ نگار مائیکل لینک نے اپنے بیانات میں مقبوضہ فلسطین میں یہودی آبادکاری کے حالیہ منصوبوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں 2300 گھروں کی تعمیرکا اسرائیلی اعلان عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کا مقصد غرب اردن میں اپنی سیاسی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غرب اردن میں یہودی آباد کاری غیرقانونی اور فلسطینی اراضی کو اسرائیل میں ضم کرنے کی کوشش ہے۔
دونوں عالمی ماہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین میں یہودی آباد کاری پر تنقید کافی نہیں بلکہ یہودی توسیع پسندی کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی برادری کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔