مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے صیہونی آباد کاروں نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے صیہونی کالونیوں کی حفاظت کے لیے اضافی بجٹ کی منظوری کا مطالبہ کیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی نیوز ویب سائیٹ’’0404 ‘‘کے مطابق 100 یہودی خاندانوں جن میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں اپنے افراد کھو دینے والے یہودی شامل ہیں نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ صیہونی کالونیوں کی سیکیورٹی کے لیے بجٹ میں اضافہ کرے اور مزید سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔
صیہونی آباد کاروں اور ان کے لیڈروں کی طرف سے وزیراعظم نیتن یاھو کو ایک مکتوب ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صیہونی کالونیوں میں موجود آباد کار عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ کئی خاندان فلسطینی مزاحمتی حملوں کے نتیجے میں اپنے گھر کے افراد کو کھو چکے ہیں۔ انہیں مزید قربانی کا بکرا بنانے اور کسی نئی مصیبت سے دوچار کرنے کے بجائے صیہونی کالونیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
ادھر غرب اردن کی صیہونی کالونیوں میں آبا د کاروں نے سیکیورٹی کے مسائل کے حل کے لیے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ احتجاج ایک ایسے وقت میں شروع کیا گیا ہے جب غرب اردن میں فلسطینیوں کے بڑھتے مزاحمتی حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی حکام اور آباد کاروں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔