مقبوضہ بیت المقدس(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی اخبار ’’معاریو‘‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو اپنی انتخابی جیت کا ذریعہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور وہ جلد ہی عرب ممالک اور مسلمان ملکوں کادورہ کریں گے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی اخبار ’’معاریف‘‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو 9 اپریل کو کنیسٹ کے انتخابات سےقبل عرب ممالک کا دورہ کرنا چاہتےہیں تاکہ وہ ان دوروں کو اپنی انتخابی جیت میں ایک حربے کے طورپر استعمال کرسکیں۔
عبرانی اخبار کے انٹیلی جنس امور کے نامہ نگار یوس میلمن نے کہا کہ نیتن یاھو نے اپنی قومی سلامتی کے اہداف کی کامیابی کی ذمہ داری اپنے پرنسپل سیکرٹری میر بن شابات کو سونپی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بن شابات کوکہا ہے کہ وہ عرب ممالک کے ساتھ رابطہ کرکے ان کے دوروں کی راہ ہموار کریں۔
میلمن کے مطابق نیتن یاھو سوڈان یا مراکش میں سے کسی ایک کا دورہ کرنا چاہتے ہیں اور وہ اس پیش رفت کو اسرائیلی ووٹروں کے سامنے اپنی غیرمعمولی سفارتی کامیابی کے طور پر پیش کرنا چاہتےہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ سعودی عرب اور امارات نے بھارت کے لیے اسرائیلی فضائی سروس کی خاطر اپنی فضائی حدود کھول دی ہیں۔ نیتن یاھو کے سیکرٹری عرب ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کے حوالے سے بھی کوشاں ہیں۔