(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چھاپے،چار فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے گرفتارکرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کے روز بھی مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس کر چار فلسطینی شہریوں کوگرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
اُدھراسرائیلی فوج نے بھی اپنے ایک بیان میں چار فلسطینیوں کی گرفتار ی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام لوگ مغربی کنارے سے حراست میں لیے گئے۔
بیت لحم کے علاقے سے فواد طقاطقہ نامی شخص کو گرفتار کیا گیا جب کہ وادی فقین سے علی دارعطیا نامی فلسطینی شہری کو گرفتارکیا گیا۔
جب کہ دو مزید فلسطینی قوبار نامی قصبے سے حراست میں لیے گئے جن میں اسے ایک کا نام اسامہ جبکہ دوسرے کا نام کنان ال حمزوی بتایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ بے گناہ فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور گزشتہ روز ہی اسرائیلی فوج نے 102 فلسطینی مزدوروں کو اس وقت ورک پرمٹ نہ ہونے کے باعث الخلیل چیک پوسٹ پر حراست میں لیا جب وہ حصول روزگار کے لیے اسرائیلی حدود میں داخل ہو رہے تھے۔