مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کےداخلی سلامتی کے ادارے ’’شاباک‘‘ کے سابق سربراہ یعقوب بیری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے غزہ کے محصورین کو قطری مالی امداد روکنے کا فیصلہ خطرناک ہوگا اور اسرائیل ایک نئی مشکل میں پھنس جائے گا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اخبار’’معاریو‘‘ نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ یعقوب بیری نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ غزہ کو قطری رقوم کی منتقلی کا سلسلہ جاری رکھے۔ رقوم کی عدم منتقلی سے غزہ میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رقوم کی منتقلی یا عدم منتقلی سے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اسرائیل کی خیر خواہ نہیں ہوسکتی۔ اسرائیل کو اپنے مفادات کو سامنے رکھ کر اقدامات کرنا چاہئیں۔ اسرائیل کو محاذ آرائی سےگریز کرتے ہوئے قطری رقوم غزہ کو منتقل کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔
اسرائیلی خفیہ ادارے کے سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر قطری رقوم سے غزہ کی پٹی میں کشیدگی میں کمی لائی جاسکتی ہے تو رقوم روکنے کا کوئی جواز نہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا تھا کہ وہ قطر کی طرف سے غزہ کی پٹی کے عوام کے لیے دی جانے والی رقوم منتقل نہیں کرے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ کی سرحد پر ہمارے ایک فوجی کو زخمی کرنے کے بعد غزہ کو 15 ملین ڈالر کی رقوم کی منتقلی پرعمل درآمد نہیں کیا جائے گا۔