(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) آج سے چھ سال قبل یکم اگست 2014 کو قابض صیہونی ریاست نے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر پروٹیکٹو ایج نامی آپریشن شروع کیا اور چندگھنٹوں میں وحشیانہ بمباری سے 140 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جبکہ ہزاروں کو زخمی کیا، سات ہفتوں تک جاری رہنے والی صیہونی دہشتگردی میں خواتین اور بچوں سمیت دو ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جبکہ ہزاروں زخمی اور سیکڑوں ہمیشہ کیلئے معذور ہوگئے۔
فلسطینی آبادی پر صیہونی لڑاکا طیاروں کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوگئے تھے جو تاحال اپنے گھروں سےمحروم ہیں ، صیہونی ریاست کی جانب سے غزہ کی غیر قانونی ناکہ بندی جاری ہے جس کے باعث غزہ میں معاشی سرگرمیاں معطل ہیں ، غزہ میں انسانی حقوق کی تنظیم المیزان کی رپورٹ کے مطابق محصور شہر میں اس وقت 5ہزار سے زائد مکانات تباہ ہوچکے ہیں جو تاحال تعمیر نہیں کئے گئے ہیں جس کے باعث ہزاروں فلسطینی عارضی پناہ گاہوں اور خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں ۔