(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی فوج نے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ایک اور فلسطینی کا مکان بغیر انتباہ کے مسمار کردیا ۔
مقامی ذرائع کے مطابق صیہونی فوج نے فوجی بلڈوزر کے ساتھ گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے شہر بیت الحم کے جنوبی قصبے الخادر پر دھاوا بولا اور فلسطینی شہری احمد صلاح کے گھر کو بغیر کسی پیشگی نوٹس کے مسمار کرنا شروع کردیا ۔
یہودی آبادکاری کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے سماجی کارکن حسن بریجیح کا کہنا ہے کہ احمد صلاح نے ایک روز قبل اپنے گھر کو اسرائیلی قوانین کے تحت قانون کے دائرے میں لائے جانے کیلئے درخواست دائر کی تھی تاہم اسرائیل حکام نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے بغیر کسی انتباہ کے گھر کو مسمار کردیا ہے ۔
احمد صلاح نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اس کا آبائی گھر ہے جہاں اس کا خاندان طویل عرصے سے آباد ہے لیکن صیہونی فوج نے اس کو مسمار کردیا ہے ۔
واضح رہے کہ رواں سال 2018 میں صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف غیر انسانی اقدامات میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور 2014 سے اب تک تقریبا 2 ہزار فلسطینیوں کے مکانات مسمار کئے جاچکے ہیں۔