مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل میں انسداد دہشت گردی پولیس کی انویسٹی گیشن یونٹ ’’لاھو 433‘‘نے اسرائیلی عدلیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کو کرپشن کی تحقیقات کے حوالے سے حراست میں لیا ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اگر تحقیقات آگے بڑھیں تو ممکنہ طور پر اسرائیلی خاتون وزیر قانون ایلیت شاکید کو بھی پوچھ گچھ کے لیے گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ کرپشن سے متعلق کیسز میں پوچھ گچھ کے لیے وزیرقانون ایلیت شاکید اور سپریم جوڈیشل کونسل کی چیئرپرسن استیر حیوت کو بھی طلب کیا یا گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
عبرانی اخبار ’’یدیعوت احرونوت‘‘ کی رپورٹ کے مطابق عدلیہ کے اعلیٰ عہدیداروں میں سے بعض پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا شبہ ہے اور پولیس اس کی تحقیقات کررہی ہے۔