(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم پر بیان دینے کے جرم میں گرفتار مقبوضہ بیت المقدس کے گورنر پر چھ ماہ تک کسی بھی طرح کی حکومتی سرگرمیوں میں شرکت کی پابندی عائد کردی ۔
قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے گورنرعدنان غیث کو 22 نومبر دیے گئے بیان کے باعث گرفتارکیا ہے جس میں انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آئے تا کہ بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں پر عمل درامد کے ذریعے بالعموم فلسطینی اراضی میں اور بالخصوص بیت المقدس میں اسرائیل کی جانب سے جاری خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔
انھوں نے کہاتھا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی پالیسی کا مقصد یہ ہے کہ امن کو یقینی بنانے کے بقیہ ماندہ مواقع کو بھی سبوتاژ کر دیا جائے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج نے بیت المقدس کے گورنر عدنان غیث اور فتح موومنٹ کے سکریٹری جنرل شادی مطور کو گرفتار کر لیا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ مذکورہ دونوں شخصیات نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں "فلسطینی اتھارٹی کی خود مختاری” پر عمل کی کوشش کی تھی۔