(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) نہتے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی مظالم جاری، انتظامی قید کے نام پر سیکڑوں فلسطینیوں کو غیرمعینہ مدت کےلئے زندانوں میں ڈالنے اور بینادی انسانی حقوق تک رسائی نا دینے کےخلاف سات فلسطینیوں کی بھوک ہڑتال جاری۔
صیہونی زندانوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیروں میں 47 سالہ اسلامی جہاد کے رہ نما جعفر عزالدین کی بھوک ہڑتال 28ویں روزمیں داخل ہوگئی ہے، بھوک ہڑتال کے باعث ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
عوامی محاذ کے رہ نما احمد زھران بھوک ہڑتال جاری رکھنے والے دوسرے فلسطینی اسیرہیں جو مسلسل 20 دن سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عزالدین کارہائشی تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل کے دیر سامت قصبے سے ہے۔
غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم کے الدھیشہ کیمپ کے رہائشی مصطفیٰ الحسنات اور محمد ابو عکر، جب کہ مشرقی بیت المقدس کے ابو دیس کے رہائشی خذیفہ بدر11 دنوںسے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صہیونی حکام نے ان تینوں کو قید تنہائی میں ڈال دیا ہے۔فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رامون جیل کی انتظامیہ نے بھوک ہڑتال کرنے والے پانچ اسیران کی رہائی کی مدت کا تعین کر دیا ہے۔
انتظامی حراست میں مزید توسیع نہ کرنے کا مطالبہ کرنے والے اسیران میں دو سگے بھائی محمود الفسفوس اور کاید الفسفوس، 26 سالہ غضنفر ابو عطوان کی انتظامی حراست 30 اکتوبرکو ختم ہوگی اور ان کی حراست میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ 30 سالہ اسیر عبدالعزیز سویطی کو 14 ستمبر کو رہا کیا جائے گا جب کہ اسیر ساید النمور کو یکم دسمبر 2019ء کو رہا کیا جائے گا۔