(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی ریاست کی سرپرستی میں سیکڑوں شرپسند یہودی آبادکاروں نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی شاباک کے سابق سربراہ کے ہمراہ مسجداقصیٰ پر دھاوا بولا اور مذہبی رسومات کی آڑ میں گھنٹوں تک قبلہ اول کی بے حرمتی کرتے رہے۔
گزشتہ روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں سیکڑوں شرپسند یہودی آباد کارونے اسرائیلی خفیہ ایجنسی شاباک کے سابق سربراہ کے ہمراہ مقبوضہ بیت المقد س میں مقدس مقامات میں گھس کر بے حرمتی کی۔
شرپسند یہودی آباد کار تین الگ الگ گروپوں کی شکل میں قبلہ اول میں داخل ہوئے، یہودی آباد کاروں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنے والوں میں اسرائیلی اسپیشل فورسز کے اہلکار بھی شامل تھے جو سنہ 1967ء سے زیرقبضہ مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوتے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے رہے۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے منظم دھاووں کا سلسلہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ یہودی انتہا پسند گروپ ہیکل سلیمانی کے مزعومہ دعوے کی آڑ میں مراکشی دوازے سے مسجد اقصیٰ میں جاتے اور باب السلسلہ سے واپس جاتے ہیں۔