(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ترجمان حماس کا کہنا ہے کہ مسجد اقصٰی کے نمازیوں پر صیہونی فوج اور پولیس نے جس بے رحمی کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا وہ ناقابل قبول اور صہیونیوں کی منظم مذہبی دہشت گردی کا کھلا ثبوت ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے ترجمان حازم قاسم نے اپنے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ دفاع قبلہ اول کی جنگ بدستور جاری ہے، شکست غاصب صہیونیوں کا مقدر بن چکی اس جنگ میں فلسطینی قوم کو فتح و کامرانی کے سوا اور کوئی آپشن قبول نہیں ، صہیونی ریاست کی وحشت، بربریت اور نمازیوں کے خلاف منظم نسل پرستی کے باوجود فتح ونصرت ہماری ہوگی۔
جمعہ کے روز مسجد اقصٰی کے نمازیوں پر اسرائیلی فوج اور پولیس نے جس بے رحمی کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا وہ ناقابل قبول اور صہیونیوں کی منظم مذہبی دہشت گردی کا کھلا ثبوت ہے۔انہوں نے مسجد اقصٰی میں نمازیوں پر اسرائیلی فوج کے تشدد کو بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور عالمی اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطینی نمازیوں پر تشدد کے باوجود القدس کے باشندوں کو قبلہ اول سے نہیں روکا جا سکتا ہے۔