(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی وزیراعظم نے ایران پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنا گال طمانچے کیلئے تہران کے آگے کسی صورت نہیں کریں گے ، ایران کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کریں گے۔
مقبوضہ فلسطین کے شہر تل ابیب میں فوج کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھوکا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے امریکی ڈرون طیارے کو مار گرائے جانے کے بعد اپنارد عمل ظاہر نہ کرنے سے ایران بے باک ہوگیا ہے، ہم اپنا دوسرا گال ایران کے طمانچے کےلیے تہران کے آگے نہیں کریں گے۔
ہم ایران کی طرف سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، ہم ایران پر طاقت کے استعمال سے ایک لمحے کے لیے بھی گریز نہیں کریں گے، جو ملک ہمارے خلاف جارحیت کرے گا اس کا پوری جرات کےساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شام، لبنان، عراق، غزہ اور یمن کے علاقے اسرائیل کے لیے خطرہ بنتے جا رہے ہیں مگر اسرائیل ہرسطح پر ملک کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرے گا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز لبنانی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیل کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ اس ڈرون کو طیارہ شکن میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔