(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پراسرائیلی فورسزکا وحشیانہ تشدد ناقابل قبول اورمنظم ریاستی دہشت گردی، عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور بین الاقوامی معاہدوں کی توہین ہے۔
کویتی کابینہ کےاجلاس میں مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے دھاووں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی اشتعال انگیزی اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کی کوشش قراردیا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فورسزکاوحشیانہ تشدد ناقابل قبول اور منظم ریاستی دہشت گردی، عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور بین الاقوامی معاہدوں کی توہین ہے۔
کویت نے عالمی برادری پر مسجد اقصیٰ کے تقدس کےدفاع کے لیے موثر حکمت عملی اپنانے اور فلسطین کے مقدس مقامات کی منظم بے حرمتی کا سلسلہ بند کرانے کے لیے اسرائیل پردبائو ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ میں روزانہ کی بنیاد پر یہودی آبادکار پولیس اور اسرائیلی فوج کی حفاظت میں حملے اور دھاوے بولتے رہتے ہیں، حالیہ عید الاضحیٰ کے پہلے روزاسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں ڈیڑھ ہزار سے زائد یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں گھس آئے وہاں موجود مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ مقدس مقامات کی کھلے عام بے حرمتی کی۔