مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کی سیاسی جماعت ’’لیبر پارٹی‘‘ میں 9 اپریل کو ہونے والے کنیسٹ کے انتخابات سے قبل امیدواروں کے چناؤ کے لیے پارٹی انتخابات انعقاد کیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سوموار کے روز اسرائیل کی ’’لیبرپارٹی‘‘ کے پرائمری انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔
لیبرپارٹی کے انتخابات کے لیے 60 ہزارارکان سے رائے لی گئی اور اس کے لیے ملک بھرمیں 84 پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے۔ آج انتخابات کے نتائج جاری کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیل میں رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق لیبر پارٹی کنیسٹ کے انتخابات میں 5 سے 7 تک سیٹیں جیت سکتی ہے۔
عبرانی ٹی وی چینل ’’ کے اے این‘‘ کے مطابق لیبر پارٹی اپنے 40 امیدواروں کو میدان میں اتارے گی۔
سابق اسرائیلی وزیراعظم اسحاق رابین کے دور میں لیبر پارٹی کے ارکان کی تعداد نصف ملین کے قریب تھی اور کنیسٹ میں اس کی اکثریت تھی۔ سنہ 1995ء میں ایک انتہا پسند یہودی کے ہاتھوں اسحاق رابین کے قتل کے بعد لیبرپارٹی کو قیادت کے فقدان کا سامنا رہا ہے جس کی وجہ سے یہ جماعت عوام میں اپنی حمایت بھی کھو بیٹھی تھی۔