مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کے سابق آرمی چیف جنرل بینی گانٹز نے خاموشی توڑتے ہوئے اتوار 27 جنوری کو ایک اہم اجلاس میں نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنی سیاسی جماعت میں اسرائیل کے سابق فوجی سربراہان کو شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز ہونے والے اجلاس میں سابق اسرائیلی آرمی چیف نے ’’تحفظ اسرائیل‘‘ کا عزم کیا اور اپنے سیاسی اور سیکیورٹی کے حوالے سے فیصلوں کا اعلان کیا۔ وہ جلد ہی غزہ اور غرب اردن کے حوالے سے اپنے سیاسی اور عسکری اہداف کا بھی اعلان کریں گے۔
جنرل بینی گانٹز کی اپنی جماعت میں سابق آرمی چیف اور سابق وزیراعظم موشے یعلون اور دیگر اہم فوجی افسران کو شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق آرمی چیف جنرل گابی اشکنزئی کو بھی شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جنرل بینی گانٹز کی جماعت اور دائیں باز کی نفتالی بینٹ کی جماعت کے درمیان سخت مقابلہ ہوسکتا ہے۔ ایک اخبار کو انٹرویو میں نفتالی بینیٹ کا کہنا تھا کہ بینی گانٹز ذاتی طورپر ایک اچھے انسان ہیں مگر وہ اسرائیل میں جس میانہ روی کی بات کرتے ہیں وہ اسرائیلی ریاست کے لیے خطرناک ہے۔ جو خود حماس کے سامنے گھٹنے ٹیکے اور غزہ کی پٹی کو رقوم فراہم کرے اسے چاہیے کہ وہ خاموش رہے۔