(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی محکمہ اوقاف نے مسجد ابراہیمی کو اسرائیلی حکام کی جانب سے مسلمانوں کیلئے 2 روز کیلئے بند کئے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے اشتعال انگیز اقدامات بڑی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں ۔
فلسطین کے مطابق محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری ایک بیان میں سہ پہر دو بجے سے رات 10 بجے تک مسجد ابراہیمی پر یہودی آباد کاروں کے دھاووں اور مسلمانوں کو مسجد سے بے دخل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کے مقدس مقامات کی آئے روز کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے، اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ سمیت دیگر تاریخی مقامات کی بے حرمتی اور اشتعال انگیز اقدامات بڑی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں ۔
محکمہ اوقاف کے سیکرٹری اطلاعات حسام ابو الرب نے ادارے کی جانب سے جاری بیان میں مسجد ابراہیمی کو بچانے کے لیے فوری طور پر کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکام اور یہودی آباد کاروں کی طرف سے مسجد ابراہیمی کے خلاف ہونے والے توہین آمیز اقدامات کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی غاصب حکام کی جانب سے الخلیل شہر میں واقع مسجد ابراہیمی کو تعطیلات کے بہانے کے تحت بند کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ ماہ اسرائیلی حکام کی مداخلت کی وجہ سے مسجد ابراہیمی میں 52 بار اذان اور نماز نہ ہوسکی۔