مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عالمی سطح پراسرائیل کو صرف یہودیوں کا ملک قرار دینے کے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے بیان کی عالمی سطح پرمذمت کی جا رہی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی اداکارہ و ماڈل گال گوڈیٹ نے اسرائیل کو صرف یہودیوں کا ملک قرار دینے پراسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے پڑوسیوں سے اسی طرح محبت کرو جیسے خود سے کرتے ہو، یہ صحیح اور غلط، یہودی اورعربی، سیکولر اورمذہبی کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ امن کے لیے مذاکرات کرنے، لوگوں کو تحفظ دینے اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا معاملہ ہے۔
صرف گال گوڈیٹ نے ہی نہیں بلکہ ایک اور اسرائیلی اداکارہ روٹم سیلا نے بھی بن یامین نیتن یاہو کے اس بیان پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کوئی اس حکومت کو بتائے کہ یہ ملک تمام شہریوں کا ہے اور یہاں پیدا ہونے والا ہر شخص برابر ہے، عرب فلسطین بھی انسان ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قدس کی غاصب اور جابر اسرائیلی حکومت کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل صرف یہودیوں کا ملک ہے اور یہاں کسی اور کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔