اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کےسیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ محمود عباس کا یہ دعویٰ کہ وہ صہیونی ریاست سے مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں فلسطینی اتھارٹی کو تحلیل کر دیں گے ،محض نمائشی ہے. پی ایل او اسرائیل کی تیار کردہ اور اسی کے مفاد میں ہے لہذا یہ بات خارج ازامکان ہے کہ محمود عباس اتھارٹی کو تحلیل کر دیں. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے مرکزی رہ نما نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ سے خصوصی گفتگو میں کیا. انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی فلسطینیوں کے مفادات سے پہلے اسرائیلی مفادات کی نگران ہے اسرائیل اسے تحلیل نہیں ہونے دے گا. ایک دوسرے سوال کے جواب میں ابو مرزوق نے کہا کہ ہم ایک مشکل دور سے گذر رہے ہیں جہاں ہمیں مشکل اور عملی فیصلے کرنے کی ضرورت ہے. میں سمجھتا ہوں کہ وہ مشکل فیصلے جو اب فلسطینی اتھارٹی کو فوری کر لینے چاہیئں وہ اسرائیل کے ساتھ نام نہاد مذاکرات کی خواہش کا خاتمہ، اسرائیل کے ساتھ جاری سیکیورٹی تعاون کا خاتمہ اور مسلح مزاحمت کی جانب واپسی ہے. حماس کے رہ نمانے کہا کہ حالات نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکا فلسطینیوں کے لیے کچھ نہیں کر سکتا. فلسطینیوں کے پاس اب امریکا سے رجوع کرنے کے کی کوئی گنجائش بھی باقی نہیں رہی. لہذا امریکا سے توقعات کے محل بنانے والے قوم سے رجوع کریں کیونکہ امریکا صرف اسرائیل کا مفاد سوچ رہا ہے. ان کا اشارہ فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب تھا جو باربار امریکا سے کہہ رہے کہ اسرائیل کے ساتھ یہودی بستیوں کی تعمیر رکوانے کے لیے اس نے کیا کیا ہے. ڈاکٹر ابو مرزوق نے کہا کہ فلسطینیوں کے پاس اب صرف ایک راستہ باقی بچا ہے اور وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے صہیونی دشمن کے خلاف مسلح جدو جہد شروع کرنا ہے. انہوں نے کہا کہ اگر فلسطینیوں کے پاس مزاحمت کی حقیقی قوت موجود ہو گی پوری دنیا انکی بات کو سمجھنے پر مجبور ہو گی کیونکہ دنیا کو معلوم ہو گا کہ فلسطینی اپنے حقوق کے حصول کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کا عزم رکھتے ہیں.