فلسطینی اتھارٹی کے زیر انتظام علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کی ایک یہودی کالونی میں فلسطینی شہری نے چھرا گھونپ کر ایک ہی یہودی خاندان کے پانچ افراد قتل کر دئے۔ عبرانی نیوز ویب سائٹ "وائی نیٹ” کے مطابق قتل کا یہ واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں پیش آیا۔ کارروائی کے بعد مبینہ حملہ آور نابلس میں "ایتمار”یہودی کالونی کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ وائی نیٹ کی رپورٹ کے مطابق مقتولین میں ایک یہودی شہری اس کی اہلیہ اور اس کے تین بچے شامل ہیں۔ بچوں میں ایک شیرخوار بچہ بتایا جاتا ہے جبکہ ایک بچے کی عمر تین اور ایک کی گیارہ سال بتائی جاتی ہے۔ ادھر اسرائیلی فوجی ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی "اے ایف پی” سے گفتگو کرتے ہوئے قتل کی واردات کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ حملہ آور کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ نابلس کے جس علاقے یہ واقعہ پیش آیا ہے اس میں گذشتہ کئی روز سے فلسطینیوں اور یہودی آباد کاروں کے درمیان پر تشدد جھڑپیں ہو چکی ہیں۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران یہودی آبادکاروں کے فلسطینی کسانوں پر حملوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں بیشتر فلسطینی کاشتکار بتائے جاتے ہیں۔