مصر میں صدر حسنی مبارک کے خلاف جاری عوامی احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے. مظاہرین نے ملک کی سب سے بڑی علمی درگاہ جامعہ الازھر کے سربراہ شیخ احمد الطیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے.
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قاہرہ میں تحریر اسکوائر میں جمع "انقلاب 25 جنوری ” تنظیم کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شیخ احمد الطیب صدرحسنی مبارک کے ظالمانہ نظام کی حمایت ترک کریں. ان کا موجودہ حالات میں جامعہ کے عہدے پر فائز رہنا اس امر کی جانب اشارہ سمجھا جائے گا کہ وہ حسنی مبارک کے ظالمانہ نظام کو اسپورٹ کر رہے ہیں.
بیان میں شیخ الازھر کو مخاطب کر کے کہا گیا ہے کہ مصری قوم آپ کے مقام و مرتبے اور علمی کمالات سے واقف ہے، لیکن ایسے حالات میں مصری عوام جب صدر حسنی مبارک کے ظالمانہ نظام کےخلاف سڑکوں پر موجود ہے شیخ الازھر سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وہ جلد ازجلد عہدہ چھوڑ کر عوام کی احتجاجی تحریک میں شامل ہو جائیں.
خیال رہے کہ مصری مظاہرین نے جامعہ الازھر کے سربراہ سے یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب دوسری جانب الازھر یونیورسٹی کے ترجمان شیخ احمد الطھطاوی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر احتجاجی تحریک میں شامل ہو چکے ہیں.