(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ کے غریب اور مستحق شہریوں کے لیے قطرکی طرف دی جانے والی نقد امداد آئندہ کے روز بنکوں اور ڈاک خانے کے ذریعے جاری کی جائے گی۔
غزہ کی تعمیراتی کمیٹی کے سربراہ اور غزہ کیلئے متعین قطری سفیر محمد العمادی نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے غریب خاندانوں کے لئے قطر کی جانب سے جاری موجودہ امداد مارچ 2020 تک جاری رہے گی۔
قطری سفیر محمد العمادی نے غزہ کے 70 ہزار خاندانوں میں فی کنبہ ایک سو ڈالرکی امداد تقسیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر غزہ کے لئے امدادی رقم میں توسیع کی فلسطینی درخواست کا مطالعہ کر رہا ہے اور بہت جلد اس پر فیصلہ کیا جائے گا ۔
قطری سفیرنے بتایا کہ اس ماہ قطر کی طرف سے غزہ کے 70 ہزار خاندانوں میں نقد امداد تقسیم کی جائے گی اور یہ سلسلہ مارچ تک جاری رہے گا، اس سے قبل گزشتہ ماہ قطر کی طرف سے غزہ کے ایک لاکھ خاندانوں میں فی کنبہ ایک سو ڈالرکی امداد تقسیم کی گئی تھی۔قطری سفیر کا کہنا تھا کہ دوحا کی طرف سے غزہ کی پٹی کے محصورین کی مالی مدد کا مقصد غزہ کے عوام کی بہبود اور مالی بحران میں ان کی مدد کرنا ہے۔خیال رہے کہ قطر نے اقوام متحدہ اور مصرکی کوششوں سے غزہ کی پٹی میں شہریوں کے معاشی استحکام کے لیے امداد کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔ اس ضمن میں قطر نے غزہ کے غریب اور مستحق شہریوں میں 30 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔