اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کےسیاسی شعبے کے رکن عزت رشق نے لیبیا میں کرنل قذافی اور ان کے حامیوں کے ہاتھوں مظاہرین پر ہونے والے تشدد کو خون کی ہولی قرار دیا ہے. ان کا کہنا ہے کہ قذافی اور ان کا نظام اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں اور آخری اور حتمی فتح لیبیائی عوام کی ہو گی.
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران عزت رشق نے کہا کہ لیبیائی صدر کرنل معمرقذافی نے اپنی حکومت بچانے اور اقتدار کو قائم رکھنے کے لیے عوام کے جمہوری حقوق کا خون کیا ہے. لیکن اس پر بھی بڑاظلم بے گناہ اور پرامن شہریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال ہے.
انہوں نے کہا کہ لیبیائی صدر مظاہرین پر طیاروں کے ذریعے بمباری کر کے اپنی حکومت نہیں بچا سکتے .اب ان کا جانا یقینی ہو چکا ہے اورآخری فتح لیبیائی عوام کی ہو گی.
حماس رہ نما نے عرب لیگ اور اسلامی کانفرنس تنظیموں پر زور دیا کہ وہ لیبیا میں کرنل قذافی کے مظالم کے شکار عوام کی فوری مدد کریں. ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مشکل حالات میں او آئی سی اور عرب لیگ کی طرف سے خاموشی کا مظاہرہ نہایت افسوسناک ہے. عالمی برادری بالخصوص عالم اسلام اور عرب حکومتیں لیبیا میں جاری دہشت گردی سے عوام کو نجات دلائیں.