ہائوسنگ و جنرل ورکس کے وزیر ڈاکٹر یوسف المانسی نے عالمی برادری‘ او آئی سی‘ عرب لیگ اور حقوق انسانی کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم کرانے اور تعمیراتی سامان کو داخلے کی اجازت دلانے کیلئے قابض اسرائیلی انتظامیہ پر دباو ڈالیں- انہوں نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے دوران جن فلسطینیوں کے گھر تباہ ہوئے ان کی مشکلات کم کرنے کیلئے تعمیرنو کا فوری آغاز ہونا چاہیے کیونکہ ہزاروں فلسطینی خاندان ایسے خیموں اور پناگاہوں میں رہ رہے ہیں جو انہیں سردی سے نہیں بچا سکتے- انہوں نے اسرائیلی قابض انتظامیہ کی جانب سے یہودی کالونیوں کو توسیع دینے اور نئی یہودی کالونیاں بنانے کے لئے فلسطینیوں کی زمینیں ہتھیانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گولڈسٹون رپورٹ میں بیان کئے گئے واقعات کے علاوہ یہ بھی جنگی جرم ہے-