(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطین میں صہیونی فوج کے ہاتھوں فلسطینی باشندوں کو ذہنی اور جسمانی اذیتوں کا نشانہ بنایاجانا اور انہیں بے بنیاد الزامات لگا کر صہیونی انتظامی حراست میں ڈال کر غیرانسانی سلوک کا شکار کرنا معمول ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب مقبوضہ فلسطین میں صہیونی حراست میں گزشتہ 28برسوں سے تشدد کا نشانہ بننے والے عایدہ کیمپ کے رہائشی 2 فلسطینی قیدی ناصر اور محمود ابوسرور کے اہل خانہ اور دیگر علاقہ مکینوں کی جانب سے مظلوم قیدیوں کے خاندان نے صہیونی غیر قانونی انتظامی جیلوں میں قید فلسطینی اسیروں کی رہائی کا مطالبہ کر تے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
قیدی ناصر اور محمود ابوسرور کے گھر کے باہر متعدد فلسطینی مظاہرین نے صہیونی جیل انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے جیلوں میں قید بے گناہ فلسطینیوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے قابض عدالت سے مظلوم فلسطینیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ جاری رکھا۔