ترکی کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد علی شاھین نے جمعرات کے روز برطانیہ سے فلسطین کے لیے آنے والی امدادی قافلے کا ترکی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسپیکر نے قافلے کے انقرہ پہنچنے پر اس میں شامل انسانی حقوق کے مندوبین سے ملاقات کی اور انہیں غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کے تحت امداد کی فراہمی کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی برادری کی جانب سے اہل غزہ کی مسلسل امداد اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ یورپی امدادی قافلے سے غزہ کے مظلوم اورغریب عوام کی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ترکی کی حکومت میں شامل کئی اعلیٰ سطح کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ دوسری جانب قافلے کے نگران "کیفین اوفنڈین” نے ترکی کی حکومت کی جانب سے قافلے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرنے اور اسپیکر کی طرف سے کیے گئے خیر مقدم پران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ قافلے کے شرکا ء نے ترک حکومت سے جس نوعیت کی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا حکومت نے اسے کہیں بڑھ کر قافلے کو سہولتیں فراہم کی ہیں۔ ادھر بدھ کے روز امدادی قافلے کے ترکی کی سرحد میں داخلے کے موقع پرمقامی شہریوں اور رفاہی تنظیموں کی جانب سے پرجوش استقبال کیاگیا۔ شہریوں نے قافلے میں حصہ ڈالنے کے لیے دل کھول کرامدادی سامان بھی فراہم کیا۔ ادھر ترکی میں ایک رفاہی تنظیم نے شہریوں کے تعاون سے قافلے میں شمولیت کے لیے 80 گاڑیوں کے قافلے کا انتظام کیا ہے، جنہیں امدادی سامان سمیت قافلے میں شامل کرکے غزہ کی جانب روانہ کردیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ امدادی قافلہ گذشتہ اتوار کو برطانیہ سے روانہ ہوا تھا جو مختلف یورپی ممالک سے گذر کر یونان کے راستے بدھ کے روز ترکی میں داخل ہوا، اب شام اور مصرسے ہوتے ہوئے غزہ کی پٹی میں جائے گا۔ قافلے کا جگہ جگہ استقبال کیا جا رہا ہے۔ اور شہریوں کی جانب سے دل کھول کر امداد فراہم کی جاتی ہے۔