(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی شر پسند عناصر کی جانب سے آئے روز مسجد اقصیٰ جو مسلمانوں کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے جس کی بےحرمتی کی جاتی ہے اورفلسطینی عبادت گزاروں پرصہیونی فورسز کی موجودگی میں تشدد معمول بن کررہ گیا ہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں صہیونی غیر قانونی آبادکاروں کے گروہ روزانہ کی بنیاد پر قبلہ اول میں داخل ہو کر مسجد کی بے حرمتی کر تے ہیں اور ایک روز قبل بھی متعدد صہیونی شر پسند صہیونی فوج کی نگرانی میں مراکشی گیٹ سے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے جس کے بعد انہوں نے نمازیوں پر حملہ کر دیا اور 8 کے قریب فلسطینی باشندوں کو زخمی کردیا۔
صہیونی آبادکاروں کی اس دہشت گردانہ کارروائی کے نتیجے میں فلسطینی نوجوانوں اور صہیونی آبادکاروں کے مابین تصادم ہوا اور نوجوانوں نے آبادکاروں سمیت موقع پر موجود صہیونی فوجیوں پر بھرپور پتھراؤ کیا، فلسطینیوں کی جانب سے مزاحمت کے الزام میں قابض فوج نے صہیونی آبادکاروں کو نظر انداز کیا اوردرجنوں فلسطینیوں کو شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کم سے کم 8 نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔