(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی عدالت کی جانب سے اسلام ابو عون کے خلاف سماجی سرگرمیوں کے دوران مزاحمتی تنظیم کے ساتھ رابطے کے بے بنیاد الزامات کے بعد انتظامی حراست کا حکم جاری کیاگیاہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز قابض ریاست اسرائیل میں صہیونی فوجی عدالت نے جنین کےقصبے جبع سے تعلق رکھنے والے اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے رہنما نزیہ ابو عون کے بیٹے اسلام ابو عون جنہیں 12 روز قبل ان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران حراست میں لیا تھا کو انتظامی حراست میں منتقل کرنے کا فیصلہ جاری کیا۔
صہیونی عدالت کی جانب سے اسلام ابو عون کے خلاف سماجی سرگرمیوں کے دوران مزاحمتی تنظیم کے ساتھ رابطے کے بے بنیاد الزامات کی روشنی میں 4 ماہ کے لیے انتظامی حراست کا حکم جاری کیاگیا ہے اس دوران صہیونی تفتیشی مرکز ابو عون پر عائد کیے گئے الزامات کی چھان بین کرے گا۔
واضح رہے کہ قابض حکام نے حال ہی میں ماہ اکتوبر میں سرگرم کارکن ابو عون کو چھ ماہ تک انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت قید رکھا تھا۔