(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل نے متعدد مرتبہ شام پر حملے کیے ہیں اورشامی فوج کے علاوہ خاص طور ایرانی زاحمت کاروں اور لبنانی حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنایا اور اپنے بعض بیانات میں یہ مؤقف دہرایا ہے کہ وہ شام میں ایران کے عسکری قدم جمنے نہیں دیں گے۔
شام کے سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے تصدیقی بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق گذشتہ روزقابض اسرائیلی فوج نے رات کے اندھیرے میں الاذقیہ کے جنوب مغرب میں بحیرہ روم کی سمت سے کئی میزائلوں کے ذریعے شام کی اہم تنصیب کو نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں علاقہ میزائلوں کے شور سے گونج اٹھا جبکہ شامی بندرگاہ پر متعدد تجارتی کنٹینروں میں آگ بھڑک اٹھی اور بڑے پیمانے پر پھیل گئی ۔
شامی سرکاری میڈیا کے مطابق شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے الاذقیہ کی فضاؤں میں اسرائیل کی جانب سے داغے گئےکئی میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے روکا اور فضا میں ہی تباہ کر دیاجبکہ فائر بریگیڈز کی ٹیموں نے مختصر مدت میں کنٹینروں میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے اقدامات کیے جس کے باعث آگ پر قابو پا لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ قابض ریاست اسرائیل کی جانب سے متعدد مرتبہ شام پر حملے کیے جا چکے ہیں اورشامی فوج کے ٹھکانوں کے علاوہ خاص طور ایرانی مزاحمت کاروں اور لبنانی حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنایا جا تاہے تاہم صہیونی حکام اس حوالے سے خاموشی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اپنے بعض بیانات میں یہ موقف دہرا تے ہیں کہ وہ شام میں ایران کے عسکری قدم جمنے نہیں دیں گے۔