اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے لیبیا میں صدر کرنل معمر قذافی کے خلاف جاری عوامی احتجاجی مظاہروں میں طاقت کے وحشیانہ استعمال اور پر امن مظاہرین پر طیاروں کے ذریعے بمباری کو وحشت اور درندگی کی بدترین مثال قرار دیا ہے. دمشق میں حماس کے دفترسے جاری ایک میں کہا گیا ہے کہ حماس لیبیائی عوام کے پرامن احتجاج میں ان کے ساتھ ہے اور لیبیائی حکومت کی جانب سے پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتی ہے. بیان میں کہا گیا کہ لیبیائی فوج کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر فضاء سے طیاروں سے کی گئی بمباری اجتماعی قتل عام کا گھناٶنا جرم ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے. حماس نے لیبیائی صدرسے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا نظام اور اقتدار بچانے کے لیے قوم کو بچانے کی فکرکریں. ان کی قوم اگر انہیں برداشت نہیں کر رہی توان کےخلاف فضاء سے بمباری کر کے انہیں کچلنے کا کیا جواز ہے. خیال رہے کہ پیر کی شام طرابلس اور بن غازی شہروں میں مظاہرین کے ملین مارچ کے لیےاجتماع کے دوران کرنل قذافی کے زیرانتظام جنگی طیاروں نے وحشیانہ بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں دسیوں افراد کی جاں بحق اور سیکڑوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں. قذافی حکومت کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال پر ان کےخلا ف عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے.