(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطین میں عیسائی چرچ کے سربراہ پادری بشپ عطا اللہ حنا نے بیت المقدس کے علاقے العیسویہ میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی بربریت کی شدید مذمت کی ہے ، فلسطینی باشندوں کے صہیونی ریاست کے خلاف جذبہ استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ العیسویہ کے فلسطینی باشندوں کی استقامت اور صبرو استقلال صہیونی ریاست کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا نے کیلئے کافی ہے ۔
مقبوضہ فلسطین میں رومن آرتھوڈوکس عیشائی چرچ کے سربراہ پادری بشپ عطا اللہ حنا نے العیسویہ کا دورہ کیا اوراسرائیلی ریاست کے جبر کے شکار فلسطینیوں سے ملاقات میں انہیں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام العیسویہ کے فلسطینی باشندوں کو ان کے گھروں سے نکال باہر کررہے ہیں شہریوں کو قتل کررہے ہیں مگر غاصب صہیونی دشمن فلسطینیوں کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے اور اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے ۔
بشپ عطا اللہ حنا کا کہنا تھا کہ بیت المقدس فلسطینی قوم کا شہر ہے جس پرغاصبوں کا کوئی تعلق نہیں۔ القدس کے باشندے اپنےجذبہ استقامت سے صہیونی دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے حال ہی میں فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر کے علاقے عیساویہ میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کو وہاں سے بے دخل کرنے کےلیے وحشیانہ کریک ڈائون شروع کی ہے۔