غزہ کی پٹی میں گذشتہ برس دسمبر میں اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کی کوریج پر بین الاقوامی خبر رساں ادارے”ایسوسی ایٹیڈ پریس” سے وابستہ تین صحافیوں کو عالمی ایوارڈز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلسطین سے تعلق رکھنے والے تین صحافیوں کو صحافت میں نمایاں خدمات انجام دینے کے اعزاز میں”اٹلنٹا” کے عالمی مقابلے میں شرکت کے لیے چنا گیا، تینوں صحافیوں اور کیمرہ مینوں میں خلیل ابو حمرہ کو بہترین تصویری کوریج پر پہلے انعام ، ماجد حمدان کو دوسرے اور عادل الھنا کو تیسرے درجے کے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ "اٹلنٹا” کی جانب سے غزہ سے تعلق رکھنے والے ان تینوں صحافیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ جنگ کے دوران صحافیوں نے جانوں پر کھیل کراسرائیلی جارحیت سے متاثرہ شہریوں، شہدا، زخمیوں اور مسمار شدہ عمارات کی تصاویراپنے کیمروں کے ذریعے دنیا کے سامنے پہنچائیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے گذشتہ برس دسمبر میں بائیس روز ہ جارحیت کے دوران 1500 فلسطینوں کو شہید اور پانچ ہزار سے زائد کو زخمی کر دیا تھا۔